نٹ وئیر سیکٹر بحران کا شکار، فوری حکومتی مداخلت ناگزیر

نٹ وئیر سیکٹر بحران کا شکار، فوری حکومتی مداخلت ناگزیر

مسائل کے حل کیلئے وفاقی و صوبائی وزراء سے ملاقاتیں کریں گے :احمد افضل اعوان

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے ) نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان نے کہا ہے کہ نٹ وئیر سیکٹر کے سنگین مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی وزارتوں کے ساتھ جلد از جلد اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور صنعت کو موجودہ بحران سے نکالا جا سکے ۔وہ ممبران کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے ۔ احمد افضل اعوان نے کہا کہ پی ایچ ایم اے وفاقی و صوبائی حکومت کے متعلقہ وزرا، سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام کے ساتھ فوری مشاورت کرے گی۔

ان ملاقاتوں کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر مشاورت، سینئر صنعتکاروں کی رہنمائی حاصل کرنا اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت ایسے عملی اقدامات تجویز کرنا ہے جن سے صنعت کو ریلیف اور برآمدات کو فروغ مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ نٹ وئیر اور ویلیو ایڈیڈ ٹیکسٹائل سیکٹر اس وقت شدید ترین بحران سے دوچار ہے ۔ بڑھتی توانائی لاگت، ٹیکسوں کا دباؤ، ریفنڈز میں تاخیر اور پالیسیوں میں عدم تسلسل کے باعث صنعت کی بقا کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں، جس کیلئے فوری اور سنجیدہ حکومتی توجہ ضروری ہے ۔اجلاس میں گروپ لیڈر چوہدری سلامت علی، ڈاکٹر خرم طارق، میاں کاشف ضیاء، میاں نعیم احمد، سید ضیاء علمدار، شاہد احمد شیخ سمیت دیگر سینئر و ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں