فیصل آباد میں 5 نئی تحصیلوں کے قیام کی سمری ارسال
آبادی بڑھنے کے باعث انتظامی صلاحیتوں میں توسیع ناگزیر ہے :راجہ جہانگیر
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور تیز رفتار شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے فیصل آباد شہر میں 5 نئی تحصیلوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد ضلع فیصل آباد میں تحصیلوں کی مجموعی تعداد 11 ہو جائے گی۔ اس حوالے سے سمری بورڈ آف ریونیو پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نئی تحصیلوں کے قیام سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔
اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران بھی شریک تھے ۔کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث انتظامی صلاحیتوں میں توسیع ناگزیر ہو چکی ہے ، اسی مقصد کے تحت 5 نئی تحصیلوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی سطح پر تمام ضروری ڈاکومنٹیشن مکمل کر لی گئی ہے جبکہ نئی تحصیلوں کے قیام کا اصولی فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری سے کیا جائے گا۔