سیم زدہ زرعی اراضی بحالی کے اقدامات شروع کر دئیے گئے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کے تسلسل کے تحت ڈویژنل انتظامیہ نے سیم زدہ پبلک و پرائیویٹ زرعی اراضی کی بحالی اور کسانوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے آن گراؤنڈ اقدامات شروع کر دئیے ۔
کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل صدر ڈجکوٹ کے دیہاتوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سیم کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر موجود اہل دیہہ سے گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا ڈجکوٹ کے 25 سے زائد دیہاتوں میں سیم کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں منصوبہ تجویز کیا جا رہا ہے ، جس کے تحت کھالہ جات بنیں گے اور ٹیوب ویل نصب کیے جائیں گے ۔علاوہ ازیں سیم زدہ رقبہ پر فش فارمز کیلئے بھی منصوبہ سازی کی جا رہی ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ سیم زدہ علاقوں کے کسانوں کے مسائل کے سو فیصد حل کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈجکوٹ کی تعمیر و ترقی اور بیوٹیفیکیشن کے لیے بھی ہنگامی کام جاری ہیں۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما میاں قاسم فاروق، خالد پرویز گل، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف چوہان، اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین سلیم اور محکمہ انہار و فشریز کے افسربھی موجود تھے ۔