سی چودہ، آئی بارہ، ای بارہ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری
چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس، الیکٹرک ٹرام منصوبے پر غور
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت نئے سیکٹرز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ترقیاتی کاموں پر پیشرفت کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین کو سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹر C-14میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ پلاٹس کے قبضہ کی حوالگی کا عمل جلد شروع کیا جائیگا، سیکٹر I-12میں تقریباً تمام رہائشی و کمرشل پلاٹس اپنے ڈویلپمنٹ کے تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ سیکٹر E-12کے سب سیکٹرز 1اور 2میں بنیادی انفراسٹرکچر کے کام تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ ادھر دوسرے اجلاس میں اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بسوں منصوبے کے عملی نفاذ اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد شہر میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکٹرک ٹرام منصوبے کے تحت ٹرام کیلئے ڈپو، پارکنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مرمت کے جدید سہولیات شامل ہوں گی۔