مالی بحران کا شکار زکریا یونیورسٹی کیلئے مہنگی گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ

مالی بحران کا شکار زکریا یونیورسٹی کیلئے مہنگی گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ

پروٹو کول کیلئے پریمیم کیٹیگری کی گاڑی ساڑھے 12ملین،دوسری گاڑی ساڑھے 6ملین سے خریدنے کی تجویز،2گاڑیاں خستہ حال ،غیر ملکی وفود کی آمد پر مشکلات، انتظامیہ

ملتان (شاہدلودھی سے )مالی بحران کاشکار زکریا یونیورسٹی میں دوکروڑکی مہنگی گاڑیوں کی خریداری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی تفصیل کے مطابق مالی مشکلات اور معاشی دباؤ کا شکار زکریا یونیورسٹی ملتان میں مہنگی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی تیاری نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے ایسے وقت میں جب یونیورسٹی کو تدریسی، تحقیقی اور انتظامی سطح پر شدید مالی مسائل کا سامنا ہے ، ٹرانسپورٹ آفس کے لئے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے کی گاڑیاں خریدنے کی تجویز سامنے آنا کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے مراسلے کے مطابق یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ آفس نے قابلِ استعمال گاڑیوں کی قلت کو بنیاد بناتے ہوئے دو نئی گاڑیوں کی خریداری کی سفارش کی ہے ،

جن میں سے ایک پروٹوکول استعمال کے لئے مہنگی اور پریمیم کیٹیگری کی گاڑی تجویز کی گئی ہے اس گاڑی کے لئے 12.5 ملین روپے جبکہ دوسری گاڑی کے لئے 6.5 ملین روپے کی مالی حد مقرر کی گئی ہے ، یوں مجموعی طور پر تقریباً دو کروڑ روپے کی خریداری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے ٹرانسپورٹ کمیٹی کے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ موجودہ وی آئی پی بیڑے میں شامل گاڑیاں فرسودہ ہو چکی ہیں اور اکثر مرمت کے باعث دستیاب نہیں ہوتیں کار نمبر MNJ-185 (ماڈل 2017) دو لاکھ اسی ہزار کلومیٹر سے زائد چل چکی ہے جبکہ کار نمبر MNJ-1028 (ماڈل 2012) چھ لاکھ دس ہزار کلومیٹر سے زیادہ سفر کر چکی ہے ، جس کے باعث اہم شخصیات اور غیر ملکی وفود کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے تاہم یونیورسٹی کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسے نازک معاشی حالات میں جب ملازمین کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر، شعبہ جات کو فنڈز کی کمی اور بنیادی تعلیمی سہولیات متاثر ہو رہی ہوں، وہاں پریمیم گاڑیوں کی خریداری ترجیحات پر سوالیہ نشان ہے ۔ذرائع کے مطابق خریداری کے لیے متعلقہ بجٹ ہیڈ (کوڈ نمبر 2010006) کے تحت فنڈز دستیاب ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں