چڑیاگھر:ہولو گرام میں سنگین مالی ، تکنیکی بے ضابطگیا ں
کم معیار کا ہارڈوئیر نصب کیے جانے کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش ،قانونی ، انتظامی کارروائی کی سفارش
لاہور( محمد حسن رضا سے ) لاہور چڑیا گھر کو ری ویمپ کرنا، جدید خطوط پر استوار کرنے کے ہولوگرام پراجیکٹ کی تحقیقات مکمل، سنگین مالی و تکنیکی بے ضابطگیاں بے نقاب ہو گئیں۔ پراجیکٹ کے تحت جدید ، تعلیمی اور ڈیجیٹل انداز میں جانور دنیا کو دکھانا تھے ، زو کو انٹرنیشنل سٹینڈرز ٹورازم اور ایجوکیشن سپاٹ بناناتھا۔ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ہارڈوئیر کی مالیت 4 سے 5 کروڑ روپے ظاہر کی گئی، تاہم عملی طور پر فراہم کردہ سامان کی قیمت صرف ایک کروڑ روپے تک پائی گئی۔
مکمل ہولوگرام کانٹینٹ، سورس کوڈ، اوریجنل فائلز، ڈیزائن لے آؤٹس اور لائسنسنگ سے متعلق مواد فراہم ہی نہیں کیا گیا۔ اس کے باوجود تکنیکی، ڈاکومنٹری اور وارنٹی تقاضے پورے کیے بغیر منصوبے کی 80 فیصد ادائیگی کر دی گئی۔ رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ متعلقہ کمپنی کو فوری طور پر بلیک لسٹ کیا جائے ، جبکہ سابق پراجیکٹ ڈائریکٹرز، کنسلٹنٹس اور دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ کم معیار کا ہارڈوئیر نصب کیے جانے کے باعث مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے ۔تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کر دی ہے ، جس پر مزید قانونی اور انتظامی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔