کمشنر کا کینو فیکٹری کا دورہ معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت
کمشنر کا کینو فیکٹری کا دورہ معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت حافظ شوکت علی کا کوٹ مومن کا دورہ ،ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا بھی جائزہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم کے ہمراہ تحصیل کوٹ مومن کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کنو فیکٹری اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کا معائنہ کیا جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ کنو فیکٹری کے دورے کے موقع پر کمشنر کو حکومت پنجاب کے خصوصی سٹرس بحالی پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ انہیں کنو کی پیداوار، معیار میں بہتری، گریڈنگ، پیکنگ، ایکسپورٹ کے مراحل اور موجودہ مارکیٹ ریٹس سے آگاہ کیا گیا۔ کمشنر سرگودھا نے ہدایت کی کہ سٹرس بحالی پروگرام کے ثمرات عملی طور پر کاشتکاروں اور ایکسپورٹرز تک پہنچنے چاہئیں تاکہ عالمی منڈی میں پاکستانی کنو کی ساکھ مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کنو کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے اور تمام مراحل میں بین الاقوامی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے فیکٹری میں چائلڈ لیبر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور واضح کیا کہ کم عمر بچوں سے مشقت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،بعد ازاں کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ مومن کا دورہ کیا۔
اور مختلف وارڈز کا معائنہ، زیر علاج مریضوں سے ملاقات کر کے ان سے ادویات کی دستیابی اور علاج کے معیار کے بارے میں دریافت کیا گیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔کمشنر سرگودہا نے کوٹ مومن میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مقامات، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔قبل ازیں کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ سرگودھا کا دورہ کیا جہاں صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بس اسٹینڈ پر صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور مسافروں کو محفوظ اور باعزت سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر فہد محمود اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔