چالان نہ کرنے پر بڑی گاڑیاں قوانین کی دھجیاں اڑانے لگیں
ہیوی وکمرشل گاڑیوں کے چالان نہ ہونے پر مین شاہراہوں پر بلا خوف و خطر گاڑیاں بھگانے سے حادثات کاخدشہ،موٹر سائیکلز، کاروں کے نان سٹاپ چالان جاری
فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد سٹی ٹریفک پولیس افسروں اور ملازمین سمیت دیگر فیلڈ سٹاف کی جانب سے مبینہ طور پر قانون کی خلاف ورزی کئے جانے کے باوجود بھی ہیوی وہیکلز اور کمرشل گاڑیوں کے چالان کرنے کا سلسلہ روک دیا گیا۔ ہیوی وہیکلز اور کمرشل گاڑیوں کے چالان نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انکے ڈرائیورز کی جانب سے مبینہ طور پر ٹریفک قوانین کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جانے لگیں جبکہ ٹریفک پولیس افسروں و اہلکاروں اور دیگر فیلڈ سٹاف کی جانب سے اپنا چالان ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے موٹر سائیکلوں، کاروں اور دیگر گھریلو وہیکلز استعمال کرنے والے عام شہریوں کے نان سٹاپ چالان کرتے ہوئے اپنے اہداف کو مکمل کیا جانے لگا۔ جس سے شہری بھاری چالانوں سے بچنے کیلئے مین شاہراہوں پر آنے کی بجائے اندرون گلی محلوں کے راستوں کو استعمال کرنے پر مجبور دکھائی دینے لگے ۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس حکام، افسران، ملازمین اور دیگر فیلڈ سٹاف کی جانب سے مبینہ طور پر ہیوی وہیکلز، گڈز ٹرانسپورٹس اور دیگر کمرشل گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیورز کے سامنے مبینہ طور پر گھٹنے ٹیکتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی کرنے کے باوجود بھی انکے چالان کرنے کا سلسلہ روک دیا گیا ہے ۔ بھاری بھرکم ٹریفک چالان کے خوف سے آزاد ہیوی وہیکلز، گڈز ٹرانسپورٹس اور دیگر کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مین شاہراہوں پر گاڑیاں بلا خوف و خطر بھگانے سے ٹریفک حادثات کے خدشات بڑھ گئے ۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے افسروں ، ملازمین اور دیگر فیلڈ سٹاف کو ٹریفک چالان کے حوالے سے مبینہ طور پر اہداف دیئے جاتے ہیں۔ جنکی تکمیل کے لئے ٹریفک پولیس سٹاف نے باقاعدہ ناکہ بندی کرتے ہوئے ہر آنے جانے والی گاڑیوں کو روک کر بھاری بھرکم ٹریفک چالان کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔
ذرائع سے اس بات کا انکشاف ہوا کہ ٹریفک پولیس افسروں اور ملازمین کی جانب سے ہیوی وہیکلز، گڈز ٹرانسپورٹس اور دیگر کمرشل گاڑیوں کے کوئی چالان نہیں کئے جاتے اور چالان کا اہداف عام شہریوں سے ہی پورا کیا جاتا ہے ۔ شہریوں کے پاس ہیلمٹس اور لائسنس سمیت گاڑیوں کی مکمل دستاویزات موجود ہونے کے باوجود بھی بلا جواز چالان کئے جارہے ہیں۔ بھاری بھرکم ٹریفک چالانوں سے بچنے کیلئے شہری مین شاہراہوں پر آنے کی بجائے گلیوں محلوں سے گزرنے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں جس پر ٹریفک پولیس افسروں اور اہلکاروں نے اب کالونیوں کی اندرونی شاہراہوں پر ناکہ بندی کا سلسلہ شروع کر دیاہے ۔ جس پر شہری ٹریفک پولیس حکام اور افسروں سے شدید نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ بلاجواز چالانوں کا سلسلہ روکا جائے اور چالانوں کے اہداف کو مکمل کرنے پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے نظام ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم نظام ٹریفک مل سکے ۔