سیوریج بندش گندگی کے ڈھیر ستھرا پنجاب پروگرام ناکام
پروگرام پر اربوں خرچ کئے جارہے ، صفائی پروگرام صرف افسروں کی گزرگاہوں یا چند علاقوں تک محدود ، بوگس رپورٹنگ کے ذریعے افسر وں کو مطمئن کیا جا رہا ہے منور ، مجاہد کالونی ، زبیدہ رضا ٹاؤن، اسلام پورہ، محمدی کالونی ،کوٹ فرید، ظفر کالونی ، گل والا، ٹوانہ پارک، اندرون شہر مختلف بلاکس ،سیٹلائٹ ٹاؤن کے مکین پریشان
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ستھرا پنجاب پروگرام سرگودھا میں ناقص حکمت عملی اور ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کی نذر ہو کر قومی خزانے پر بوجھ بن کر رہ گیا ہے جبکہ صفائی پروگرام صرف افسران کی گزرگاہوں یا چند ایک علاقوں تک محدود جبکہ بیشتر علاقے سیوریج کی بندش اور گندگی کے باعث بدستور شہریوں کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں ،تفصیل کے مطابق سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کو ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے جس کے قیام پر حکومت نے اربوں روپے خرچ کر دیئے مگر کمپنی کے تحت ستھرا پنجاب پروگرام زیاد ہ تر زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ ثابت نہیں ہو رہا ، سب اچھا کی رپورٹ کے برعکس شہر کے بیشتر علاقوں جن میں منورکالونی، مجاہد کالونی ، زبیدہ رضا ٹاؤن، اسلام پورہ، محمدی کالونی ،کوٹ فرید، ظفر کالونی ، گل والا، ٹوانہ پارک، اندرون شہر مختلف بلاکس ،سیٹلائٹ ٹاؤن کے بعض ایریازقابل ذکر ہیں میں سیوریج کی بندش کے ساتھ ساتھ کوڑ ا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہ لگائے جانے کی وجہ سے ہزاروں شہری انتہائی پریشانی کا شکار ہیں، جن کی شکایات پر متعلقہ حکام وسائل کی عدم دستیابی کی آڑ میں دستیاب وسائل بھی استعمال نہیں کر رہے اوربوگس رپورٹنگ کے ذریعے افسران بالا کو مطمئن کیا جا رہا ہے جبکہ لوگ خوار ہو رہے ہیں،دوسری جانب ستھرا پنجاب پروگرام پہلے ہی سال سامنے آنیوالی مبینہ بے ضابطگیوں اور اختیارات کے تنازعات کی وجہ سے متنازعہ بن کر رہ گیا ہے ، ڈویژنل و ضلعی افسران نے قبل ازیں متعدد مرتبہ متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو وارننگ بھی دی مگر صورتحال کی بہتری انتہائی سست روی کا شکار ہے ، شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔