ڈویژن میں آٹا سپلائی میں تعطل، فلور ملز کو شوکاز اور جرمانہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن میں گذشتہ روز آٹا کی سپلائی میں تعطل پر تین فلور ملز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے اور زائد قیمت وصول کرنے پر دکانداروں کو 8 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ خوراک عثمان سکندر نے بتایا کہ ٹیموں نے اوورچارجنگ پر فیصل آباد میں 5 لاکھ 41 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا اور ایک فلور ملز کی انتظامیہ کو شوکاز نوٹس دیا۔ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک فلور ملز کو شوکاز نوٹس اور 20 ہزار روپے جرمانہ، ضلع جھنگ میں ایک ملز کو نوٹس اور 2 لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ، جبکہ چنیوٹ میں اوورچارجنگ پر 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ 10 کلوگرام آٹا کا ٹھیلہ 905 روپے اور 20 کلوگرام تھیلا 1810 روپے کے مقررہ نرخوں پر بازاروں میں دستیاب ہے ۔ چاروں اضلاع میں 10 کلوگرام کے ایک لاکھ 29 ہزار 973 اور 20 کلوگرام کے 2 ہزار 432 تھیلے مختص کردہ 1756 دکانوں پر سپلائی کیے گئے ۔