نشتر ہسپتال سکیورٹی کیمرے سیف سٹی سے منسلک

نشتر ہسپتال سکیورٹی کیمرے سیف سٹی سے منسلک

ایمرجنسی ، اوپی ڈی میں لگے کیمروں کی مانیٹرنگ سیف سٹی کے ذریعے کی جائے گی، 124کیمرے نیٹ ورک کا حصہ بنیں گےہسپتال کی آن لائن مانیٹرنگ ہوسکے گی، ناخوشگوار واقعات پر قابو پانے میں مدد ملے گی ، سیف سٹی ٹیمیں فوری رسپانس کرینگی

ملتان (لیڈی رپورٹر) ملتان میں جنوبی پنجاب کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں سکیورٹی اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لے کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ اس فیصلے کے تحت ہسپتالوں میں نصب کیمروں کو سیف سٹی کیمروں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی اور او پی ڈی میں لگے کیمروں کی مانیٹرنگ اب سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے کی جائے گی۔ حکام کے مطابق نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں نصب 60 جبکہ او پی ڈی اور مختلف وارڈز میں لگے 64کیمرے سیف سٹی سے جوڑے جائیں گے ، یوں مجموعی طور پر 124 کیمرے سیف سٹی نیٹ ورک کا حصہ بنیں گے ۔اس سلسلے میں سیف سٹی اتھارٹی اور نشتر ہسپتال انتظامیہ کے درمیان باقاعدہ رابطہ قائم ہو چکا ہے ۔ کیمروں کے سیف سٹی سے منسلک ہونے کے بعد نشتر ہسپتال کی آن لائن مانیٹرنگ لاہور میں بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے نگرانی کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا۔نشتر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے ذریعے کیمروں کی مانیٹرنگ سے ہسپتال میں لڑائی جھگڑے اور دیگر ناخوشگوار واقعات پر قابو پانے میں مدد ملے گی، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سیف سٹی ٹیمیں فوری رسپانس یقینی بنائیں گی۔حکام کے مطابق اس اقدام سے مریضوں، لواحقین اور طبی عملے کیلئے ہسپتالوں کا ماحول مزید محفوظ اور منظم بنایا جا سکے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں