امتحانات، ہارڈ سینٹرز میں اضافہ ،مانیٹرنگ سخت کی جائے،کمشنر
پورا سال محنت کرنے والے طلباء کے استحصال کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے امتحانات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، انہوں نے کہاکہ قبل از امتحانات تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔ ہارڈ سینٹرز کی تعداد بڑھائی جائے اور وہاں مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے۔ پورا سال محنت کرنے والے طلباء کے استحصال کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، اس لئے بوٹی مافیا اور ناجائز ذرائع کے استعمال سے کسی کو ان محنتی طلباء کا حق نہیں لینے دیا جائے گا۔ حساس اداروں کی لسٹنگ کی جائے اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز و تحصیلدار ان سینٹرز پر خود ڈیوٹی دیں گے، انہوں نے کہا کہ امتحانات کے دوران موثر مانیٹرنگ کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ کنٹرول روم قائم کیے جائیں جہاں پر متعلقہ سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر ایشو کرتے ہوئے اس کی پراپر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔