ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس ،پولیو مہم تفصیلی کا جائزہ
ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس ،پولیو مہم تفصیلی کا جائزہ 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 2 سے 5 فروری تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے دوران ضلع سرگودھا میں 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے ضلع کی 167 یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 3 ہزار 331 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 3 ہزار 36 موبائل ٹیمیں، 206 فکسڈ ٹیمیں اور 89 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ مہم میں 4 ہزار سے زائد رضاکار، 275 ایجوکیشن اسٹاف اور 18 دیگر محکموں کے اہلکار بھی حصہ لیں گے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں اسٹاف کی مانیٹرنگ کو سخت کیا جائے اور محکمہ صحت کے افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر ٹیموں کی نگرانی کریں۔