آئی جی کی زیرصدارت آپریشنل کمانڈرز کانفرنس،اہم ہدایات
شہریوں کی خدمت اور قانون کے موثر نفاذ،پتنگ بازی پر کارروائی،سکیورٹی سخت کی جائے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سیف سٹی اسلام آباد میں رات گئے چھ گھنٹے طویل آپریشنل کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ آئی جی نے پولیس فورس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی اقدامات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کیلئے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران شہریوں کی خدمت اور قانون کے موثر نفاذ کو اولین ترجیح بنائیں۔ شہر بھر میں پتنگ فروشی اور پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے تمام افسران کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ ’نشہ اب نہیں‘ تحریک کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے، شہریوں کی آسانی کیلئے زیادہ سے زیادہ آن لائن سہولیات فراہم کی جائیں۔