گاڑی مالکان نے کرایوں میں اضافہ کر دیا، مسافر پریشان
پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے اضافی کرایہ لے رہے :ٹرانسپورٹرز
چناب نگر (نامہ نگار)عید الفطر کے قریب آنے کے ساتھ ہی چناب نگر میں گاڑی مالکان نے اپنے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے ، جس سے دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مسافر پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال عید کے موقع پر کرایوں میں اضافہ کیا جاتا ہے اور کوئی گاڑی مالکان کو روکنے والا نہیں۔مسافر شکایت کر رہے ہیں کہ آبائی علاقوں کو جانے والے شہری اپنے علاقوں میں عید منانے کے لیے روانہ ہوتے ہیں، لیکن اس دوران انہیں من مرضی کرایے دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب گاڑی مالکان کا موقف ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عید کے قریب ٹریفک چالانوں کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے ۔