چناب نگر: بجلی کے تار خطر ناک، اعلیٰ حکام سے نوٹس کا مطالبہ
بچے اکثر گلیوں میں کھیلتے ہیں اور کسی بھی وقت حادثہ پیش آ سکتا ہے
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر کے محلہ چھنی، کھچی اور دیگر علاقوں میں بجلی کے تار زمین پر پڑے ہوئے ہیں اور جگہ جگہ ننگی تاریں موجود ہیں، جس سے مقامی بچوں اور شہریوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بچے اکثر گلیوں میں کھیلتے ہیں اور کسی بھی وقت حادثہ پیش آ سکتا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعدد بار واپڈا کے دفاتر میں شکایت درج کرائی، تاہم محکمہ کے ملازمین صرف وقتی طور پر جگاڑ کر جاتے ہیں اور مسئلہ جوں کا توں باقی رہتا ہے ۔ بارش کے موسم میں گلیوں میں پانی جمع ہو جانے سے کرنٹ زمین یا دیوار کے ذریعے منتقل ہو سکتا ہے ، جس سے جانی نقصان کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔اہل محلہ نے محکمہ واپڈا کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور خطرناک تاروں کو درست کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال محفوظ رہ سکے ۔