جھنگ :امتحانات میں شفافیت کیلئے ڈپٹی کمشنر کا اچانک دورہ
ہر طالب علم کی مکمل تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے :علی اکبر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے امتحانی نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور سکیورٹی، انتظامی امور اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے داخلہ پوائنٹس کا معائنہ کیا اور طلبا کی رول نمبر سلپس، شناختی دستاویزات اور دیگر ضروری مراحل کو خود چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر طالب علم کی مکمل تصدیق کے بعد ہی اسے امتحانی ہال میں داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کو روکا جا سکے ۔انہوں نے امتحانی عملہ اور نگران سٹاف کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ دورانِ امتحان مکمل الرٹ رہیں اور نقل کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امتحانات میں شفافیت، میرٹ اور نظم و ضبط ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔