ملت روڈ سیوریج لائن مرمت ، 24گھنٹے کی ڈیڈ لائن
منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ملت روڈ حق باہو چوک کا دورہ کیا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ملت روڈ حق باہو چوک میں سیٹلڈ ہونے والی ڈرینج اور سیوریج لائنوں کی مرمت کیلئے 24 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کے بعد سیوریج آپریشنز مکمل طور پر بحال کر دئیے جائیں گے ۔انہوں نے ملت روڈ حق باہو چوک کا دورہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ڈاکٹر عثمان لطیف اور ڈائریکٹر ڈرینج ڈویژن شہباز لطیف بھی موجود تھے ۔ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا انجینئرز نے دن رات محنت کرتے ہوئے ڈرینج اور سیوریج لائن کی مرمت کا مشکل کام ریکارڈ وقت میں مکمل کیا، جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ 24 گھنٹوں کے بعد چباں روڈ، اسلامیہ پارک، خدیجہ محمود ٹرسٹ ہسپتال روڈ، طارق آباد اور نگہبانپورہ سمیت ملحقہ علاقوں میں سیوریج نظام مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔ثاقب رضا نے واضح کیا کہ مذکورہ علاقوں کو سیوریج کے حوالے سے عارضی ریلیف فراہم کیا گیا تھا، جس کیلئے ڈی واٹر سیٹس، پیٹر انجن اور سکر مشینوں کا استعمال کیا گیا۔