جڑا نوالہ :میٹرک امتحانات میں شفافیت کیلئے سخت مانیٹرنگ
مانیٹرنگ آفیسر کامران ڈوگر نے بلوچنی اور کھرڑیانوالہ کے مختلف مراکز کا دورہ کیا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) میٹرک امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے ، اس سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے گئے ۔سپیشل اسکواڈ برائے وزیر تعلیم پنجاب کے تحت تعینات مانیٹرنگ آفیسر کامران ڈوگر نے میٹرک فرسٹ سالانہ امتحانات کے سلسلے میں بلوچنی اور کھرڑیانوالہ کے مختلف امتحانی مراکز کا تفصیلی اور اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات پر امتحانی نظام کو شفاف بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں کامران ڈوگر نے مختلف امتحانی سنٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات، سکیورٹی اور نظم و ضبط کا بغور جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عملہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام مراکز پر نظم و ضبط برقرار ہے اور عملہ بورڈ کی ہدایات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دے رہا ہے ۔مانیٹرنگ آفیسر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور وزیر تعلیم کی ہدایات کی روشنی میں امتحانات میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی، نقل یا خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے ۔