شہر میں تجاوزات کی بھر مار، شہریوں کو مشکلات

شہر میں تجاوزات کی بھر مار، شہریوں کو مشکلات

لو گوں نے گھروں کے باہر کئی کئی فٹ پختہ تجاوزات قائم کرکے مستقل کمرے ، واش رومز اور گیراج بنا لیے ، گاڑیوں کی آ مد و رفت متاثر ،ذمہ دار نذرانے لیکر خاموش

فیصل آباد(سٹی رپورٹر) حکومت پنجاب کے واضح احکامات کے باوجود بھی پختہ اور عارضی تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں نہ لائی جا سکیں۔شہر بھر کے مختلف رہائشی علاقوں میں علاقہ مکینوں کی جانب سے گھروں کے باہر کئی کئی فٹ پختہ تجاوزات قائم کرکے مستقل کمرے ، واش رومز اور گیراج بنا لیے گئے ہیں۔ ان تجاوزات کی وجہ سے کئی فٹ چوڑی گلیاں اور سڑکیں چند فٹ تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جس کے باعث گلیوں، محلوں اور رہائشی کالونیوں میں موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کی آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں پختہ اور عارضی تجاوزات کے خاتمے کے سخت احکامات جاری کیے گئے تھے ۔ ابتدائی طور پر میونسپل کارپوریشن اور فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ آپریشنز سست روی کا شکار ہو کر مبینہ طور پر مکمل طور پر بند کر دئیے گئے ۔

  ڈی ٹائپ کالونی، سمن آباد، علامہ اقبال کالونی، غلام محمد آباد، مدینہ ٹاؤن، سرفراز کالونی، بٹالہ کالونی، منصور آباد، پیپلز کالونی، ڈی گراؤنڈ، رضا آباد، سمندری روڈ، کینال روڈ، افغان آباد، جمیل آباد اور امین ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کی جانب سے گھروں کے باہر مستقل اور پختہ تجاوزات قائم کر لی گئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے بجائے متعلقہ اداروں کے افسر اور اہلکار مبینہ طور پر نذرانے وصول کرکے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ تجاوزات کی وجہ سے گلی محلوں میں ٹریفک کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنا کر ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں