بنوں پولیس چوکی حملے کی مذمت، شہدا کو خراجِ عقیدت
بے گناہوں کا قتل کرنے والے مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں:مقررین
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر میں بنوں پولیس چوکی پر حملے اور 20 جوانوں کی شہادت کے واقعے کو ایک قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے مختلف مذہبی و سماجی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے ۔ختم نبوت اسلامک سنٹر چناب نگر کے بانی مولانا قاری شبیر احمد عثمانی اور خدام ختم نبوت پاکستان کے چیئرمین مولانا صاحبزادہ علامہ محمد قادری نے کہا ہے کہ بے گناہوں کا قتل کرنے والے عناصر کسی صورت مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں اور ان کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ ملک میں امن و استحکام قائم ہو سکے ۔مقررین نے مزید کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد دشمن عناصر اپنی پراکسیز کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات باعثِ تشویش ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی سلامتی کے ادارے دہشت گرد نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کریں تاکہ ملک میں امن قائم ہو اور پاکستان کا عالمی وقار مزید مستحکم ہو۔آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔