چناب نگر:معرکہ حق بنیان مرصوص کی سالگرہ پر تقریب
افواجِ پاکستان نے قربانی کے جذبے سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیا:مقررین
چناب نگر (نامہ نگار)چناب نگر میں مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت میں معرکہ حق بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں علما کرام اور مختلف مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ معرکہ حق میں افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانی کے جذبے سے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے اس کامیابی پر فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی مبارکباد پیش کی۔مقررین نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار کی مضبوط ضمانت ہیں، اور معرکہ حق کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔تقریب میں مولانا علامہ محمد قادری، مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا خلیل احمد، مولانا قاسم عمار، محمد حنیف مغل، مولانا محمد سلمان عثمانی، مولانا احسن رضوان اور دیگر نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں جبکہ غازی قوم کے ہیرو ہیں۔آخر میں شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔