جی ٹی ایس چوک میں پ فوج سے اظہارِ یکجہتی، شمعیں روشن
شہداکے درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی، استحکام کیلئے خصوصی دعا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں ایف ڈی اے اور ستھرا پنجاب ایجنسی کے باہمی اشتراک سے جی ٹی ایس چوک میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور شہدائِ وطن کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب میں قومی جذبے ، حب الوطنی اور یکجہتی کی فضا نمایاں رہی، جبکہ شرکانے وطن عزیز کے دفاع اور امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ستھرا پنجاب ایجنسی کے افسران، اہلکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب کے دوران شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں شمعیں اٹھا کر پاک فوج اور شہداء کے ساتھ اپنی محبت، عقیدت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن اور دفاعی قوت کا مضبوط ستون ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا فخر ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ستھرا پنجاب ایجنسی کے منیجنگ ڈائریکٹر عابد حسین بھٹی نے کہا کہ شہداء وطن کے حقیقی ہیرو ہیں اور پاک فوج کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔