اولڈ ایج ہوم کے بزرگ شہریوں کے تحفظات،انکوائری کا مطالبہ
ڈسپنسری موجود ہونے کے باوجود مستقل ڈاکٹر کی دستیابی نہیں : متاثرین
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) اولڈ ایج ہوم میں مقیم بعض بزرگ شہریوں نے خوراک، طبی سہولیات اور عملے کے مبینہ غیر مناسب رویے کے حوالے سے سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔رہائشیوں کے مطابق مبینہ طور پر انہیں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ایس او پیز کے مطابق معیاری اور متوازن خوراک فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ ادارے میں ڈسپنسری موجود ہونے کے باوجود مستقل ڈاکٹر کی دستیابی نہیں ہوتی اور طبی معائنہ صرف وقفے وقفے سے کیا جاتا ہے ۔بعض افراد نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بیماری کی صورت میں انہیں مناسب ادویات فراہم نہیں کی جاتیں، جبکہ بعض بزرگوں کو علاج معالجے کی بجائے مبینہ طور پر اہلِ خانہ کے پاس واپس بھیجنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔متاثرہ بزرگ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ خصوصی توجہ اور بہتر نگہداشت کے مستحق ہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں انہیں متعدد مشکلات اور عدم سہولیات کا سامنا ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ، محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اولڈ ایج ہوم کے انتظامات، خوراک کے معیار، طبی سہولیات اور رہائشیوں کے ساتھ برتاؤ کا غیر جانبدارانہ آڈٹ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں۔