جڑانوالہ : ویپ پوڈ کی مبینہ فروخت جاری، شہریوں کو تشویش
یہ رجحان نوجوانوں کی صحت اور مستقبل کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا :سماجی حلقے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) جڑانوالہ میں پان شاپس، جنرل سٹورز اور بڑے شاپنگ مارٹس میں ویپ پوڈ کی مبینہ طور پر دھڑلے سے فروخت جاری ہے ، شہریوں کا کہنا ہے ایک جانب حکومت کی جانب سے ویپ پوڈ کے استعمال پر سزا اور جرمانوں کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاہم دوسری جانب مبینہ طور پر متعلقہ اداروں کی چشم پوشی کے باعث مختلف مارکیٹوں اور گلی محلوں میں ویپ پوڈ کی فروخت جاری ہے ۔ پان شاپس، جنرل سٹورز اور بعض شاپنگ مارٹس میں ویپ پوڈ کا سامان عام دستیاب ہے ، جس کے باعث نوجوان نسل میں بطور فیشن اس کے استعمال میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ویپ پوڈ کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جاتی، پابندی پر مکمل عملدرآمد ممکن نہیں ہوگا۔