محرم الحرام:اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ سے جلوس کے منتظمین کااجلاس
قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا : ایس پی محمد اختر وینس
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پُرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں تحصیل بھر کے مجالس و جلوس کے منتظمین کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گرایہ اور محمد اختر وینس نے کی۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محسن مظہر، ڈی ایس پی ساجد محمود سوہل، سکیورٹی آفیسر حاجی محمد انصر سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، منتظمینِ مجالس و جلوس اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ایس پی محمد اختر وینس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق، اوقات کار اور مقررہ روٹس کی پابندی انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عزاداران کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔اسسٹنٹ کمشنر رنگزیب گرایہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے تقدس، امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام منتظمین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے انعقاد کے دوران حکومتی ہدایات اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔