کمیونٹی پولیسنگ کے تحت طلبہ کیلئے گپ شپ سیشن، کیریئر رہنمائی
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ اور طلبہ کے محفوظ مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈی پی او دفتر میں پولیس کے زیر اہتمام طلبہ میں شعور بیدار کرنے اور روشن مستقبل کے فروغ کے لیے گپ شپ سیشن منعقد کیا گیا۔سیشن کی صدارت ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے کی، جس میں کمز کالج چنیوٹ کے اساتذہ، طلبا اور طالبات نے شرکت کی۔گپ شپ سیشن کے دوران قانون پسند شہریت، صحت و صفائی، تعلیم اور کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ طلبہ نے مختلف سوالات بھی کیے جن کے ڈی پی او نے جوابات دیے اور رہنمائی فراہم کی۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے طلبہ کو کیریئر پلاننگ اور مقابلے کے امتحانات کی تیاری کے حوالے سے بھی رہنمائی دی۔انہوں نے کہا کہ ایسے سیشنز کا مقصد طلبہ اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور مثبت تعلق قائم کرنا ہے تاکہ نوجوان نسل کو باشعور اور قانون پسند شہری بنایا جا سکے ۔