میڈیکل ایجوکیشن کے تمام اداروں سے غیر مستقل ملازمین کی تفصیلات 48 گھنٹوں میں طلب

 میڈیکل ایجوکیشن کے تمام اداروں سے غیر مستقل ملازمین کی تفصیلات  48 گھنٹوں میں طلب

ان ملازمین کی تفصیلات بھیطلب کی گئیں جو ابتدا میں بورڈ آف مینجمنٹ کی قائم کردہ اسامیوں پر بھرتی ہوئے تھے اور بعد ازاں انہیں SNE اسامیوں پر ریگولر کر دیا گیا، اداروں کی سر براہوں کو مراسلہ جاری

فیصل آباد(نیوز رپورٹر) حکومت نے میڈیکل ایجوکیشن کے تمام اداروں سے غیر مستقل ملازمین کی تفصیلات 48 گھنٹوں کے اندر طلب کر لی ہیں۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے مراسلہ جاری کر دیا ہے ۔میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، پرنسپلز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، میو ہسپتال، جناح ہسپتال، نشتر برن سینٹر ملتان، پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ، پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی، پنجاب میڈیکل فیکلٹی، پنجاب فارمیسی کونسل اور دیگر متعلقہ اداروں سے ڈیلی ویجز، کنٹیجنٹ پیڈ سٹاف اور بورڈ آف مینجمنٹ (BoM) کے ان ملازمین کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں جو اس وقت (Sanctioned New Establishment) کی منظور شدہ اسامیوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں، تاہم تنخواہیں PLA اکاؤنٹ کے بجائے کسی دوسرے اکاؤنٹ سے وصول کر رہے ہیں ان ملازمین کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں جو بورڈ آف مینجمنٹ کی قائم کردہ اسامیوں پر بھرتی ہوئے تھے اور بعد ازاں انہیں SNE اسامیوں پر ریگولر کر دیا گیا۔حکومت  نے ہدایت کی ہے تمام ادارے مطلوبہ معلومات مقررہ فارم پر تمام متعلقہ دستاویزات کے ساتھ دو ورکنگ دن کے اندر لازمی جمع کرائیں تاکہ رپورٹ مجاز اتھارٹی کو پیش کی جا سکے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں