جڑانوالہ:تمام سمر کیمپ بند، خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی
نجی تعلیمی اداروں کے منتظمین احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں :طارق محمود
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جڑانوالہ طارق محمود نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی سے تمام سمر کیمپ مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں اور کسی بھی تعلیمی ادارے کو کسی بھی صورت تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سکول، اکیڈمی یا ٹیوشن سینٹر سمر کیمپ یا اکیڈمی کی آڑ میں کلاسیں جاری نہیں رکھ سکے گا۔ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔طارق محمود نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب تعلیمی اداروں کو سیل کیا جائے گا، جبکہ ذمہ داران کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے تمام نجی تعلیمی اداروں کے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔