جی سی ویمن یونیورسٹی میں2روزہ ڈگری شو کا افتتاح
شعبۂ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی سات طالبات کے تخلیقی فن پارے اور ڈیزائنز پیش کیے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے شعبۂ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام دو روزہ \"ڈگری شو 2026\" کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغئہ امتیاز) نے صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فاروق یوسف شیخ اور چیئرمین انٹرلوپ لمیٹڈ کی اہلیہ فرزانہ مصدق کے ہمراہ کیا۔نمائش میں شعبۂ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی سات طالبات کے تخلیقی فن پارے اور ڈیزائنز پیش کیے گئے ، جن میں عصری سماجی موضوعات کے ساتھ خواتین کے عزم، حوصلے ، تخلیقی صلاحیتوں اور مستقبل کے وژن کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر مہمانانِ خصوصی نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرٹ اور ڈیزائن نہ صرف تخلیقی معیشت اور کاروباری مواقع کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ ڈگری شوز طالبات کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پُراعتماد اور بااختیار گریجویٹس تیار کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کی قیادت کر سکیں۔انہوں نے شعبۂ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی انچارج ڈاکٹر طوبیٰ نجم اور ان کی ٹیم کی کامیاب کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔