ڈی سی کا بھوانہ میں ترقیاتی کاموں،سہولیات کاجائزہ
ٹی ایچ کیو ہسپتال ،مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ کابھی دورہ ،ہدایات جاری
چنیوٹ،بھوانہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ شینہ اعظم کے ہمراہ تحصیل بھوانہ کا دورہ کیا اور مختلف سرکاری اداروں، ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ سب سے پہلے ٹی ایچ کیو ہسپتال بھوانہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی و انتظامی امور، صفائی اور مریضوں کو سہولیات کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس کو ستھرا پنجاب پروگرام کے ساتھ کوآرڈینیشن کرتے ہوئے ہسپتال کی ڈیپ کلیننگ، گرین بیلٹس کی بہتری، تمام طبی مشینری کو فعال رکھنے اور عملے کو مریضوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ایم سی کروڑیہ پارک کا دورہ کیا اور پارک کی بحالی، خوبصورتی اور دیگر سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ بھوانہ میں زیر تعمیر پیرا آفس کا بھی معائنہ کیا اور جاری کام کی رفتار سست ہونے پر محکمہ بلڈنگ کے افسروں پر برہمی کا اظہار کرتے ایکسین بلڈنگ کو منصوبہ جلد مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مین جھنگ روڈ پر میونسپل کمیٹی کے مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا ، انتظامات کا جائزہ لیااور چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ مون سون کے اختتام تک ریلیف کیمپ مکمل فعال رکھا جائے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملہ اور مشینری ہر وقت تیار رہے ۔بعد ازاں انہوں نے لاری اڈا بھوانہ پر قائم گرین بس سٹیشن پرمسافروں کو سہولیات کا معائنہ کیا ۔ دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے بھوانہ میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لیا اور چیف آفیسرز میونسپل کمیٹی و ضلع کونسل کو شہر کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments