گورنمنٹ کالج میں 2روزہ کانفرنس اپلائیڈ زوالوجی کا آ غاز
چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان مہمان خصوصی تھے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں اپلائیڈ زوالوجی سوسائٹی آف پاکستان کے اشتراک سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے اپلائیڈ زوالوجی (ICAZ-2026) کا آغاز ہوگیا۔ کانفرنس میں 19 بین الاقوامی اور 36 پاکستانی جامعات کے سائنس دان ، محققین، ماہرینِ تعلیم اور طلبہ شرکت کر رہے ہیں ۔ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان کانفرنس کے مہمانِ خصوصی، جبکہ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم، وائس چانسلر جامعہ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کانفرنس کے چیف پیٹرن ہیں ۔ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور ماہرین بھی شریک ہوئے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کانفرنس کے انعقاد کو سائنسی تحقیق، اعلیٰ تعلیم اور بین الاقوامی علمی روابط کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی علمی سرگرمیاں اساتذہ اور طلبہ کی تحقیقی استعداد بڑھانے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیقی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ وائس چانسلر جامعہ پنجاب پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ کانفرنس محققین کو جدید سائنسی رجحانات، تحقیقی نتائج اور عملی تجربات کے تبادلے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اپلائیڈ زوالوجی کے شعبے میں جدید تحقیقی طریقۂ کار اور مستقبل کے تحقیقی امکانات پر گفتگو کی۔ کانفرنس میں پاکستان بھر کی جامعات میں سے مایہ ناز سائنسدانوں کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments