بڑی گاڑیوں کی آمدروفت، ٹریفک متاثر، حادثات

بڑی گاڑیوں کی آمدروفت، ٹریفک متاثر، حادثات

ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت ،ممنوعہ اوقات میں بھی ہیوی ٹریفک کو نہ روکا جا سکا ، اہلکار صرف چالان مہم میں مصروف ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ٹریفک پولیس حکام کی مبینہ غفلت اور لاپروائی کے باعث ممنوعہ اوقات میں ہیوی وہیکلز کا رہائشی علاقوں میں داخلہ نہ روکا جا سکا۔ رہائشی علاقوں میں ٹرک، ٹریلرز، ٹرالیاں، ڈمپر اور دیگر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہونے لگی ہے بلکہ ٹریفک حادثات میں بھی اضافے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔دوسری جانب ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کی جانب سے ممنوعہ اوقات میں رہائشی علاقوں میں ہیوی وہیکلز لانے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر اپنی توجہ چالان مہم پر مرکوز رکھنے کا الزام ہے ، جس کے باعث شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق صنعتی شہر فیصل آباد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کو محفوظ و منظم نظامِ ٹریفک فراہم کرنے کے لیے ضلع بھر میں مجموعی طور پر ایک ہزار کے لگ بھگ ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہیں۔ تاہم شہر کی مختلف شاہراہوں، چوک چوراہوں اور اہم مقامات پر بڑی تعداد میں نفری تعینات ہونے کے باوجود نہ تو ٹریفک کا نظام مکمل طور پر منظم ہو سکا ہے اور نہ ہی ممنوعہ اوقات میں ہیوی وہیکلز کا رہائشی علاقوں میں داخلہ روکا جا سکا ہے ۔

فیصل آباد کی سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، کینال روڈ، ستیانہ روڈ، جیل روڈ، سرگودھا روڈ، ڈائیور روڈ، نڑوالا روڈ اور جھنگ روڈ سمیت شہر کی مختلف اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں اور ملحقہ سڑکوں پر دن کے اوقات میں بھی ٹرک، ڈمپر، ٹریلرز، ٹرالیاں اور دیگر ہیوی وہیکلز بڑی تعداد میں رواں دواں دکھائی دیتے ہیں۔شہریوں کے مطابق ممنوعہ اوقات میں بھاری گاڑیوں کی رہائشی علاقوں میں آمدورفت سے ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ حادثات کے نتیجے میں شہریوں کے زخمی ہونے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔شہریوں کا الزام ہے کہ متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ، جبکہ ٹریفک پولیس کے بعض افسران اور اہلکار مبینہ طور پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے بجائے چالان کرنے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ممنوعہ اوقات میں رہائشی علاقوں میں ہیوی وہیکلز کا داخلہ سختی سے روکا جائے ، خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور شہر میں ٹریفک کے نظام کو محفوظ، منظم اور رواں رکھنے کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...