پانی چوری کیخلاف کریک ڈائون تیز کرنے کا فیصلہ، محکمہ انہار کی فیلڈ ٹیمیں متحرک

پانی چوری کیخلاف کریک ڈائون تیز کرنے کا فیصلہ، محکمہ انہار کی فیلڈ ٹیمیں متحرک

محکمہ انہار اور پولیس مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کر ینگے ، گشت کیلئے نامزدگیاں ہو نگی ،نمبرداروں اور مقامی معززین کا تعاون حاصل کرنے اور رینڈم چیکنگ کا دائرہ کار بڑھانے پر بھی اتفاق

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ انہار اور پولیس نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق، ایڈیشنل سیکرٹری ایریگیشن عثمان خالد اور سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور ٹیل اینڈ تک پانی کی فراہمی کاشتکاروں کا بنیادی حق ہے ۔ پانی چوری کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے مشترکہ ذمہ داریاں ادا کریں۔ نہری چینلز اور آؤٹ لیٹس کی باقاعدگی سے انسپکشن کی جائے اور پانی چوری کی نشاندہی پر فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ضلعی انتظامیہ محکمہ انہار اور پولیس کے اشتراک سے مہم کی مسلسل نگرانی کرے گی، جبکہ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ نہری نظام کی نگرانی کے لیے ایس ڈی اوز اور ایگزیکٹو انجینئرز کا ہفتہ وار انسپکشن شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے ۔ پانی چوری کی روک تھام کے لیے محکمہ انہار کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات پر پانی چوری کی روک تھام کے لیے 15 اکتوبر کے بعد 23 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں، سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کے لیے ٹھوس شواہد کی فراہمی ضروری ہے ۔اجلاس میں چوری کی نشاندہی کے لیے نمبرداروں اور مقامی معززین کا تعاون حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...