140سڑکوں کی تعمیر وبحالی کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل
رواں ہفتے کے اختتام تک ان منصوبوں پر کام شروع کردیا جائے گا، تقریباً 13ارب روپے خرچ ہوں گے ،میئر تین جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن قائم کیے جارہے ، 41اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب جاری ، مرتضیٰ وہاب
کراچی(این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور کراچی کی مزید 140 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ آئندہ دو سے تین روز میں ورک آرڈرز جاری ہونے کے بعد رواں ہفتے کے اختتام تک ان منصوبوں پر کام شروع کردیا جائے گا، جن پر تقریباً 13 ارب روپے خرچ ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوصدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کی رکن مسرت نیازی سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔صفائی ستھرائی کے حوالے سے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر میں تین جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن قائم کیے جارہے ہیں، جن میں ایک قیوم آباد، بلوچ کالونی ایکسپریس وے ، دوسرا شرافی گوٹھ اور تیسرا گٹر باغیچہ میں تعمیر کیا جارہا ہے۔
ان تینوں منصوبوں پر کام آخری مراحل میں ہے اور رواں سال کے اختتام تک انہیں فعال کرنے کا ہدف ہے ۔ ان کے ذریعے کچرے کو مشینی طریقے سے جمع کرکے لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا جاسکے گا۔انہوں نے بتایا کہ سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں پاکستان کا پہلا پبلک سیکٹر بریسٹ ری کنسٹرکشن سینٹر بھی قائم کیا جارہا ہے ، جسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دسمبر میں فعال کرنے کا ہدف ہے ۔ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے بعد شہر کی دیگر تاریخی مارکیٹوں کی بحالی کا کام بھی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی 41 اہم شاہراہوں پر اسٹریٹ لائٹنگ کا نظام بھی تبدیل کیا جارہا ہے ، جس پر تقریباً ایک ارب روپے خرچ ہوں گے ۔ اس منصوبے کے ورک آرڈرز جاری ہوچکے ہیں اور کام شروع کردیا گیا ہے ، جبکہ آئندہ دو سے ڈھائی ماہ میں اسے مکمل کرنے کا ہدف ہے ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گارڈن نشتر روڈ پر ایک ارب روپے کی لاگت سے نیا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا، جس کا سنگِ بنیاد 20 نومبر تک رکھنے کا منصوبہ ہے ۔ کے ایم سی اپنے وسائل سے اس منصوبے پر کام کرے گی اور اسے 100 دن میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ علاقے میں ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments