سیوریج لائن بچھانے کے بعد سڑک بحال نہ ہو سکی، لو گوں کو مشکلات
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے زیر اہتمام اربن سیوریج منصوبے کے تحت جھنگ روڈ سے اکال والا روڈ تک گرلز کالج کے ساتھ واقع محلہ اقبال نگر کی سڑک اکھاڑ کر سیوریج لائن بچھانے کے بعد ٹھیکیدار نے اسے اسی حالت میں چھوڑ دیا، جس کے باعث اہلِ علاقہ شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں۔
سیوریج لائن کی تنصیب کے لیے سڑک کھودنے کے بعد نہ تو گہرے گڑھوں کو مناسب طریقے سے پُر کیا گیا اور نہ ہی سڑک پر موجود مٹی کو ہموار کرکے آمدورفت کے قابل بنایا گیا۔ سڑک پر جگہ جگہ مٹی کے ڈھیر، کھڈے اور ناہموار راستے شہریوں کے لیے مستقل اذیت کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ منصوبے کے تحت ترقیاتی کام مکمل ہونے کے باوجود سڑک کی بحالی نہ ہونا متعلقہ محکمے اور ٹھیکیدار کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے ۔محلہ اقبال نگر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی کھدائی کے بعد گھروں تک پہنچنا بھی محال ہو چکا ہے ۔ موٹر سائیکل سواروں کو گہرے گڑھوں اور نرم مٹی کے باعث شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی راستے سے گزرنا کسی امتحان سے کم نہیں۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور بچوں کو خصوصاً مشکلات کا سامنا ہے ۔ گھروں کے سامنے سڑک کی سطح غیر ہموار ہونے کے باعث گاڑیاں گھروں تک لے جانا مشکل ہو گیا ہے جبکہ بعض مقامات پر آمدورفت کے لیے راستہ انتہائی تنگ ہو چکا ہے ۔اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ محلہ اقبال نگر کی سڑک کا فوری معائنہ کیا جائے ، ٹھیکیدار کو گڑھے مناسب طریقے سے پُر کرنے اور مٹی ہموار کرنے کا پابند بنایا جائے اور سڑک کو فوری طور پر قابلِ آمدورفت بنایا جائے تاکہ شہریوں کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments