پاور لوم انڈسٹری بحران، مزدور بے روزگار،چولہے ٹھنڈے
ہفتہ وار اجرت 12 ہزار سے کم ہو کر 3500 روپے رہ گئی،گھریلو سامان بیچنے پر مجبور
پینسرہ (نمائندہ دنیا )سدھار اور دھاندرہ میں پاور لوم انڈسٹری کا بحران شدت اختیار کر گیا، جس کے باعث پانچ ہزار سے زائد پاور لوم ورکرز اور ان سے وابستہ دیگر شعبوں کے افراد بے روزگاری اور شدید معاشی بدحالی کا شکار ہو گئے ہیں۔ تقریباً ڈھائی لاکھ سے زائد آبادی کا معاشی پہیہ سست پڑنے سے ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے لگے ہیں۔ حالات اس قدر سنگین ہو چکے ہیں کہ مزدور بجلی کے بلوں کی ادائیگی، بچوں کی فیسوں اور گھر کا راشن خریدنے کے لیے گھریلو سامان تک فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔پاور لوم انڈسٹری سدھار اور دھاندرہ کی سب سے بڑی معاشی سرگرمی ہے ، جس سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔
ماضی میں ایک مزدور کی ہفتہ وار اجرت 10 سے 12 ہزار روپے یا اس سے زائد ہوتی تھی، جو انڈسٹری کی بدحالی کے باعث اب چند فعال یونٹس میں کم ہو کر صرف 3500 روپے رہ گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق صرف سدھار میں ہر جمعرات کو مزدوروں میں اجرت کی مد میں تقریباً پانچ سے ساڑھے پانچ کروڑ روپے تقسیم کیے جاتے تھے ، جس سے علاقے میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہتی تھیں، تاہم پاور لوم انڈسٹری کی مسلسل زبوں حالی نے اس معاشی نظام کو بری طرح متاثر کر دیا ہے ۔ مارکیٹیں سنسان، کاروبار متاثر اور شہریوں کی قوت خرید کم ہو چکی ہے ، جبکہ متعدد خاندان قرض لے کر گزر بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments