اٹھارہ ہزاری :ناقص اور لاغر جانوروں کے گوشت کی فروخت
شہریوں کا اظہار تشویش ، سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) اٹھارہ ہزاری میں بعض قصابوں کی جانب سے مبینہ طور پر شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے ، جہاں ناقص اور لاغر جانوروں کا گوشت بھی مہنگے داموں فروخت کیے جانے کی شکایات سامنے آنے لگی ہیں۔ قصابوں کی جانب سے مبینہ طور پر گوشت کے من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔شہریوں کے مطابق بعض قصاب سرکاری نرخ نامے کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کرکے گوشت فروخت کر رہے ہیں، جبکہ گوشت کے معیار اور وزن کے حوالے سے بھی شکایات پائی جاتی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی عام آدمی کے لیے اشیائے ضروریہ خریدنا مشکل ہوچکا ہے ، ایسے میں گوشت کی من مانے نرخوں پر فروخت عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جھنگ، اسسٹنٹ کمشنر اٹھارہ ہزاری، محکمہ لائیوسٹاک اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ قصابوں کی دکانوں کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے ، فروخت ہونے والے گوشت کے معیار، صفائی اور درست وزن کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری گوشت مقررہ نرخوں پر فراہم کیا جاسکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments