بھتہ خوری کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ،گورنرسندھ
امن و امان کے قیام کیلئے پولیس متحرک،آئی جی اچھا کام کر رہے ہیںسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سکیورٹی و بہتر سہولیات ناگزیر،نہال ہاشمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھتہ خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، امن و امان کے قیام کیلئے پولیس متحرک ہے ، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اچھا کام کر رہے ہیں، وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے اپنے وسائل سے بھی معاونت کر رہی ہے ، وزیراعظم پاکستان کراچی کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آباد ہاؤس میں نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر گورنر نے مختلف اسٹالز پر رکھی گئی مقامی مصنوعات کا جائزہ لیا۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پاکستان سے ون ونڈو آپریشن، بہتر سہولیات اور سکیورٹی کی توقع رکھتی ہے ، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ان تمام امور پر توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی توجہ کراچی اور سندھ پر ہے ، وفاق کی جانب سے سندھ کو این ایف سی کے علاوہ بھی معاونت فراہم کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم سندھ میں دانش اسکول اور لیپ ٹاپ جیسے منصوبے لارہے ہیں ۔گورنر نے کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، آباد کی تین روزہ ایکسپو نے آباد ہاؤس کو آباد کردیا ہے ، نمائش میں اعلیٰ معیار کی مقامی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ پاکستانی مینوفیکچررز کو صرف مقامی منڈی تک محدود رہنے کے بجائے برآمدات پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔امن و امان سے متعلق سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ اس شہر میں بھتہ خوری نہیں چلے گی، آئی جی سندھ اور سی سی پی او پولیس متحرک ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments