ماجو میں تین روزہ اسٹوڈنٹس ویک گالا، طلبہ کی بھرپور شرکت

ماجو میں تین روزہ اسٹوڈنٹس ویک گالا، طلبہ کی بھرپور شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی (ماجو)کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ اہتمام تین روزہ اسٹوڈنٹس ویک گالا 2026 کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپورشرکت کی۔

گالا میں موسیقی، رنگا رنگ فنکارانہ پرفارمنسز، تفریحی سرگرمیوں، طلبا کے اسٹالز اور مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا گیا۔اسٹوڈنٹس ویک گالا کے دوران طلبا نے کھانے پینے کی مختلف اشیا کے اسٹالز لگائے جہاں شرکا نے مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری دلچسپی کو بھی سراہا۔ ماجو اسپورٹس زون میں موسیقی، فنکارانہ پرفارمنسز اور دیگر تفریحی سرگرمیوں نے تقریب کو مزید دلچسپ بنایا جبکہ طلبہ و طالبات نے مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔گالا کے دوران یونیورسٹی کے پارکنگ ایریا میں خصوصی کار شو کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ماڈلز کی گاڑیاں نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔

جدید انداز میں موڈیفائی کی گئی منفرد گاڑیوں اور ان کی خصوصی پرفارمنسز نے طلبا کی توجہ حاصل کی۔ تقریبات میں اساتذہ اور فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی اور طلبا کی حوصلہ افزائی کی۔اسٹوڈنٹس ویک گالا میں تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ طلبا کی تعلیمی، سماجی اور پیشہ ورانہ آگہی کو بھی اہمیت دی گئی۔ اس مقصد کے لیے مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز کا اہتمام کیا گیا جن کے ذریعے طلبا کو اظہارِ خیال، مکالمے اور مختلف شعبوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ تقریب کا مقصد طلبا کی نصابی سرگرمیوں کے ساتھ تخلیقی، سماجی اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...