ایل پی جی مافیا عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہا : میاں طاہر ایوب
صوبائی حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدود
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میاں طاہر ایوب نے ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور قیمتوں میں خودساختہ ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی مافیا مصنوعی قلت پیدا کرکے من مانے نرخ وصول کر رہا ہے اور دن دہاڑے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہا ہے ، جبکہ صوبائی حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات اور ٹک ٹاک تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں، جبکہ وزیراعلیٰ کی تشہیر پر قومی خزانے کا بے دریغ استعمال کرکے بلند بانگ دعوؤں اور میڈیا کی جادوگری کے ذریعے عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے ۔
ایل پی جی کی کھلے عام بلیک مارکیٹنگ اور ناجائز منافع خوری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ مافیا سرکاری نرخوں کو نظرانداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہا ہے ۔ یہ صورتحال نہ صرف حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ غریب عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی بھی ہے ۔میاں طاہر ایوب نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اور بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے بھی ذلیل و خوار ہو رہا ہے ۔ حکومتی دعوے محض بیانات تک محدود ہیں جبکہ انتظامیہ کی خاموشی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ ایل پی جی ہر گھر کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے ، مگر ذخیرہ اندوز عناصر مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتیں آسمان پر پہنچا رہے ہیں اور عوام مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments