ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید کیتھ لیب فعال
دل کے امراض کی تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکیں گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ کیتھ لیب باضابطہ طور پر فعال ہو گئی، جہاں پہلی انجیوگرافی کامیابی سے مکمل کر لی گئی۔ اس اہم پیش رفت سے ضلع بھر کے شہریوں کو دل کے امراض کی تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکیں گی اور انہیں انجیوگرافی سمیت دیگر طبی سہولیات کے لیے فیصل آباد، لاہور اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنے کی مشکلات سے نجات ملنے کی امید ہے ۔انٹروینشل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر محمد حسین گیلانی کو کیتھ لیب کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے ، جو اپنے پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت کی بنیاد پر طبی امور کی نگرانی کریں گے۔
کیتھ لیب میں پہلی انجیوگرافی کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر کاشف ندیم اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر سید شہباب عالم بھی موجود تھے ۔کیتھ لیب کی فعالیت کو ضلع کے سرکاری شعبہ صحت میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ اس سہولت سے دل کے مریضوں کو بروقت تشخیص اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ سفری مشکلات اور اضافی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ ہنگامی نوعیت کے امراض قلب کے مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے امکانات بھی بہتر ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments