پولیس کی مبینہ غفلت ، جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ

 پولیس کی مبینہ  غفلت ، جرائم پیشہ  عناصر کو کھلی چھوٹ

ایگل سکواڈ، ڈولفن اور ایلیٹ فورس ڈیوٹی سے غائب رہنے لگی ، پٹرولنگ غیر موثر ،جرائم پیشہ عناصر کو مبینہ طور پر کھل کر وارداتیں کرنے کا موقع ملنے لگا،شہریوں کی تشویش

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں پولیس موبائلز، ایگل سکواڈ، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس کی مبینہ طور پر ڈیوٹی سے غائب رہنے اور مؤثر پٹرولنگ نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے ، جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر کو مبینہ طور پر کھل کر وارداتیں کرنیکا موقع ملنے لگا۔ ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، بھتہ خوری، منشیات فروشی، نوسربازی اور جوئے سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں اضافے پر شہریوں میں تشویش اور پولیس کیخلاف غم و غصہ پایا جانے لگا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے ضلع بھر کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں پولیس موبائلز، ایگل سکواڈ، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس کو خصوصی پٹرولنگ، ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

تاہم متعدد علاقوں میں تعینات پولیس ٹیمیں مبینہ طور پر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی بجائے محفوظ مقامات پر قیام کرکے ڈیوٹی کے اوقات پورے کرنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اہلکاروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں کرنے اور گشت کے نظام کو مؤثر بنانے کی بجائے ڈیوٹی سے غائب رہنے کا سلسلہ معمول بنتا جا رہا ہے ، جبکہ متعلقہ حکام کو مبینہ طور پر بوگس رپورٹس ارسال کرکے تمام امور تسلی بخش ہونے کی اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس افسر اور اہلکاروں کی مبینہ غفلت اور فرائض سے چشم پوشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر مختلف علاقوں میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، تاوان، بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین وارداتیں سرانجام دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود اہم شاہراہوں، گلی محلوں اور چوک چوراہوں پر پولیس کی گشت، ناکہ بندی یا سنیپ چیکنگ دکھائی نہیں دیتی، جس سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے بلند اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

شہریوں نے مزید شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بعض مقامات پر ناکہ بندی کے دوران پولیس اہلکاروں کا رویہ بھی سوالیہ نشان بن جاتا ہے اور مبینہ طور پر مشکوک افراد کی مؤثر چیکنگ اور جرائم کی روک تھام کی بجائے شہریوں کو غیر ضروری طور پر روکنے اور مبینہ طور پر ناجائز وصولیوں پر توجہ دی جاتی ہے ۔ شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے پولیس موبائلز، ایگل سکواڈ، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس کی ڈیوٹیوں کی باقاعدہ نگرانی، پٹرولنگ اور ناکہ بندی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے ، ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت قانونی اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...