چک جھمرہ ایک ہفتہ، ایک تحصیل پروگرام کے تحت انتظامیہ متحرک

چک جھمرہ ایک ہفتہ، ایک تحصیل پروگرام کے تحت انتظامیہ متحرک

چک جھمرہ ایک ہفتہ، ایک تحصیل پروگرام کے تحت انتظامیہ متحرکڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی آمد سے قبل شہر میں ہنگامی انتظامات، صفائی کی سر گر میاں تیز

چک جھمرہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شروع کیے گئے پروگرام ‘‘ایک ہفتہ، ایک تحصیل’’ کے تحت چک جھمرہ میں انتظامی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نعمان صدیق سمیت اعلیٰ ضلعی و تحصیل افسران کی آمد کے پیش نظر شہر میں صفائی ستھرائی، رنگ و روغن اور مرمت کے کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیے گئے ہیں۔کمشنر، ڈپٹی کمشنر، مختلف تحصیلوں کے چیف آفیسرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی چک جھمرہ آمد متوقع ہے ، جس کے پیش نظر پیرا فورس، اسسٹنٹ کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عظمت فردوس اور میونسپل کمیٹی کا عملہ متحرک دکھائی دے رہا ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا کام جاری ہے ، سرکاری عمارتوں کو رنگ و روغن کیا جا رہا ہے ، گندے نالوں پر عارضی طور پر سلیب رکھے جا رہے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کا عملہ انتظامات مکمل کرنے میں مصروف ہے ۔

ریڑھی بانوں سے لے کر صفائی کے عملے اور افسران تک ہر طرف بھاگ دوڑ کا سماں ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر، چیف آفیسر اور متعلقہ اہلکار بھی شہر کو بہتر شکل دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔شہری حلقوں نے صفائی اور شہر کی خوبصورتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ جو کام معمول کے دنوں میں نظر نہیں آتے ، وہ صرف اعلیٰ افسران کے دورے کے موقع پر ہی کیوں شروع ہوتے ہیں؟ کیا چک جھمرہ کی صفائی اور خوبصورتی صرف ایک روزہ دورے تک محدود رہے گی یا انتظامیہ مستقل بنیادوں پر بھی یہی جذبہ برقرار رکھے گی؟شہریوں کا کہنا ہے کہ بہرحال دیر آید درست آید، کچھ تو ہوا اور شہر کا رنگ روپ بدلتا دکھائی دیا۔

تاہم وزیراعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے کہ جس طرح صفائی کے لیے مختلف فورسز کو متحرک کیا گیا ہے ، اسی طرح ایک دوڑ فورس بھی قائم کر دی جائے ، جو افسران اور عملے کی بھاگ دوڑ کی نگرانی کرے اور جو کم دوڑ لگائے ، اس پر جرمانہ عائد کیا جائے ۔شہری حلقوں کے مطابق اصل صورتحال شام ڈھلتے ہی سامنے آتی ہے ، جب مبینہ طور پر صفائی کے انتظامات پہلے جیسے دکھائی دینے لگتے ہیں اور جگہ جگہ تجاوزات بھی دوبارہ قائم ہو جاتی ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے نمائشی صفائی کے بجائے مستقل بنیادوں پر صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، بہتر انتظامی منصوبہ بندی اور شہریوں کو روزانہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...