ٹیچنگ ہسپتال کی واحد لفٹ خراب معذور افراد سیڑھیاں چڑھنے پر مجبور
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کیلئے واحد لفٹ طویل عرصے سے خراب، بیمار اور معذور افراد کو منزلوں تک پہنچنے کیلئے سیڑھیاں چڑھنے اور اترنے پر مجبور کر دیا گیا۔
ہسپتال میں روزانہ علاج کیلئے آنیوالے مریضوں، بزرگوں، خواتین اور لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مگر ہسپتال انتظامیہ تاحال واحد عوامی لفٹ کی مرمت کروانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹروں کے استعمال کے لیے عمارت کی دوسری طرف ایک چھوٹی لفٹ نصب کر رکھی ہے، جسے عام مریضوں اور ان کے لواحقین کے استعمال کی اجازت نہیں۔ صورتحال نے ہسپتال کے انتظامی نظام پر کئی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ جہاں مریضوں کی سہولت کے لیے موجود واحد لفٹ عرصے سے بند پڑی ہے، وہاں ڈاکٹروں کے لیے الگ لفٹ تو موجود ہے لیکن عام مریضوں کے لیے سہولت کی بحالی ترجیح کیوں نہیں؟ پہلے ہی بیماری اور تکلیف سے دوچار مریضوں کو سیڑھیاں چڑھنے اور اترنے کی اذیت سے دوچار کرنا کہاں کا علاج ہے ؟ ہسپتال انتظامیہ کی ترجیحات میں مریضوں کی بنیادی سہولیات آخر کس درجے پر ہیں؟ ایم ایس گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام فوری نوٹس لیں، خراب لفٹ کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور مستقل فعالیت یقینی بنائیں، بصورت دیگر مریضوں کو درپیش یہ مشکلات کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments