ڈویژن میں گنے کا کرشنگ سیزن فوری شروع کرنے کی ہدایت
ڈویژن میں گنے کا کرشنگ سیزن فوری شروع کرنے کی ہدایتٹرالیوں کیلئے جگہ مختص،کاشتکاروں کو 15روز میں ادائیگی یقینی بنانے کا حکم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن میں گنے کا کرشنگ سیزن فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، اس سلسلے میں شوگر ملز مالکان کو ضروری ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو تنویر مرتضیٰ کی زیر صدارت کرشنگ سیزن کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چودھری خالد محمود نے گنے کی اہمیت، پنجاب میں اس کی پیداوار اور گزشتہ پانچ سال کے پیداواری اعداد و شمار کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں شوگر ملز مالکان و نمائندوں اور کسان تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر ریونیو تنویر مرتضیٰ نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو ان کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شوگر ملز انتظامیہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کی فصل کی قیمت 15 روز کے اندر ادا کرے جبکہ سابقہ واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں بھی فوری طور پر یقینی بنائی جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گنے سے لدی ٹرالیاں سڑکوں پر کھڑی نہ ہوں بلکہ شوگر ملز انتظامیہ ملوں کے اندر ان کے لیے مناسب جگہ مختص کرے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ڈی او انڈسٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وزن کرنے والے کنڈوں کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کاشتکاروں کو وزن میں کمی کی شکایات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments