کمشنر آفس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مفاہمتی یادداشت
بے سہارا اور مستحق بچوں کو تعلیم، ہنر مندی اور تفریحی سہولیات فراہم ہونگی کمشنر کا ادارے کی کلاسوں اور کمپیوٹر لیب کا معائنہ ، بچوں کیساتھ کھانا بھی کھایا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کمشنر آفس فیصل آباد اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے درمیان بے سہارا اور مستحق بچوں کو تعلیم، ہنر مندی اور تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ۔ معاہدے کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم پانچ بچوں کے لیے ساندل کالج میں چھٹی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم کا خصوصی کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ بچوں کو باعزت روزگار کے قابل بنانے کے لیے سلائی کڑھائی اور موبائل فون کی مرمت کی تربیت دینے کے لیے ایک ایک استاد بھی فراہم کیا جائے گا۔
معاہدے میں بچوں کے لیے ہر ماہ تفریحی دوروں اور سالگرہ کی تقریبات کے انعقاد کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کا دورہ کیا اور موقع پر ہی مفاہمتی یادداشت کی تیاری اور دستخط کا عمل مکمل کرایا۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند، اسسٹنٹ کمشنر جنرل ڈاکٹر ذیشان ارشاد اور ڈائریکٹر کیلاش گروپ فرخ زمان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو روبینہ اقبال نے کمشنر کو ادارے میں مقیم بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم و تربیت اور فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
کمشنر نے ادارے کی کلاسوں اور کمپیوٹر لیب کا معائنہ کیا، بچوں سے نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں گفتگو کی اور مختلف انڈور کھیلوں میں ان کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے بچوں کی تیار کردہ پینٹنگز بھی دیکھیں اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ دورے کے دوران کیلاش گروپ کے تعاون سے بچوں میں موسم سرما کے گرم ملبوسات تقسیم کیے گئے ، جبکہ کمشنر نے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔
ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے بچوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنا ان بچوں کا بھی بنیادی حق ہے ، اسی لیے ادارے کے قریب واقع معروف تعلیمی ادارے ساندل کالج کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو ہنر مند بنانے کے ساتھ تفریحی مواقع کی یکساں فراہمی بھی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ اسی مقصد کے تحت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments