انسدادِ پولیو مہم10:لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

 انسدادِ پولیو مہم10:لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

مہم 12سے 15دسمبر تک جاری رہے گی ‘ڈی سی کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) رواں سال کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12سے 15دسمبر 2026ء تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کے دوران 10لاکھ 15ہزار 492بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تیار کردہ جامع منصوبے ، افرادی قوت اور گزشتہ مہمات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کی مجموعی آبادی 63لاکھ 15ہزار 335 ہے ۔ مہم کیلئے سات تحصیلوں کی 194یونین کونسلوں میں 3ہزار 825موبائل ٹیمیں، 161فکسڈ ٹیمیں اور 73ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 4ہزار 59ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔ مہم کی مؤثر نگرانی کیلئے 195یو سی ایم اوز اور 746 ایریا انچارجز سمیت مجموعی طور پر 8 ہزار 898افراد فرائض سرانجام دیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ پولیو ویکسی نیشن ٹیموں سے مکمل تعاون یقینی بنایا جائے اور مہم کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ہر بچے تک رسائی ضروری ہے ۔اجلاس میں گزشتہ تین قومی انسدادِ پولیو مہمات کی کوریج رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ بتایا گیا کہ دسمبر 2025ء کی مہم میں 99.44فیصد، فروری 2026ء میں 97.96 فیصد اور اپریل 2026ء کی مہم میں 98.26 فیصد انتظامی کوریج ریکارڈ کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گزشتہ مہمات میں رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی اور ان تک رسائی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ آئندہ مہم میں مقررہ ہدف حاصل کیا جا سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...