ڈاکٹرز غائب،سر دار بیگم ہسپتال کی ایمر جنسی ویران

 ڈاکٹرز غائب،سر دار بیگم ہسپتال کی ایمر جنسی ویران

ڈسپنسرز، نرسز، ہاؤس آفیسرز اورعملہ بھی موجود نہیں ،شہریوں کا احتجاج

سیالکوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی حکومتی نا اہلی کے باعث ویرانی کا منظر پیش کر نے لگی، ڈاکٹر، ڈسپنسرز، نرسز، ہاؤس آفیسرزسمیت درجہ چہارم کا عملہ بھی غائب ہو گیا ، ہسپتال میں لاقانونیت پر شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ گورنمنٹ خواجہ صفد رمیڈیکل کالج سیالکوٹ کی نگرانی میں چلنے والا سردار بیگم ہسپتال زبوں حالی کا شکار ہے ۔ ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرز مریضوں کا معائنہ کرنے کے بجائے غیر حاضر رہتے ہیں ۔ بیشتر شہری گائنی وارڈ کی ڈاکٹرز اور ایمرجنسی کے ڈاکٹرز کے ناروا سلوک پر پرنسپل خواجہ صفدر میڈیکل کالج اور محکمہ صحت کے حکام کو شکایات کر چکے ہیں لیکن مسائل جوں کے توں ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کرتے ہوئے باقاعدہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہسپتال کی ایمرجنسی اور گائنی وارڈز میں ڈاکٹرز ، نرسز، ہاؤس آفیسرز اور عملہ موجود نہیں ہے ۔ ہسپتال کا منظر دیکھ کر شہریوں نے انتظامیہ اور ڈی سی سیالکوٹ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں