نالہ پلکھو کا سیلابی پانی کمانوالہ گاؤں کے گرد پھیل گیا

 نالہ پلکھو کا سیلابی پانی کمانوالہ گاؤں کے گرد پھیل گیا

3500 گھروں کے مکین محصور ، چپراڑ روڈ بلاک کرکے شدید احتجاج , جلد نالے کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائیگا:اسسٹنٹ کمشنر

سیالکوٹ(نمائندہ دنیا )نالہ پلکھو کے سیلابی پانی نے ساڑھے تین ہزا ر گھروں پر مشتمل کمانوالہ گاؤں کو چاروں اطراف سے گھیر لیا ،مکین محصور ہو کر رہ گئے ، چپراڑ روڈ کو بلاک کرکے احتجاج کیاگیا ، ٹریفک بند رہی ، مظاہرین نے پولیس سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا ، اسسٹنٹ کمشنر کے آنے تک احتجاج جاری اور ٹریفک بلاک رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کمانوالہ کے رہائشی عدنان احمد کی زیر قیادت 200 سے زائد شہریوں نے چپراڑ روڈ ٹریفک کیلئے بند کرکے احتجاج کاسلسلہ رات گئے تک جاری رکھا ،مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ نالہ پلکھو کے اطراف میں تجاوزات کو ختم کرکے پانی کی گز ر گاہ کو بہتر کیا جائیگا تاہم کسی قسم کے اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے ان کے گاؤں کو سیلابی پانی نے چاروں اطراف سے گھیر لیا ہے ۔ علاوہ ازیں نالہ پلکھو کے کٹاؤ سے سٹرکٹ کنارے واقع نواں پنڈ کے 400 گھر تباہ ہونے کا خدشہ ہے ۔اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کی بحالی کیلئے محکمہ انہار کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جلد نالے کے اطراف سے تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں